مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمی یوم القدس کے موقع پر دنیا کے مختلف خطوں میں فلسطین کے حق میں اور صہیونی حکومت کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔
اس سلسلے میں برازیل کے ساحلی شہر ریوڈی جنیرو میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں حقوق انسانی کے کارکنوں، ثقافتی گروپوں اور مختلف کمیونٹیز نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے فلسطین کے پرچم اور فلسطینی عوام کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور صہیونی قبضے کے خاتمے کے حق میں نعرے لگارہے تھے۔ شرکاء نے ریلی نکال کر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا ثبوت دیا۔
اس موقع پر ریلی کے منتظمین نے کہا کہ ریوڈی جنیرو کا انتخاب یوم القدس کی پہلی ریلی کے لیے اس شہر کی ثقافتی اہمیت اور آزادی اور نسلی امتیاز کے خلاف اس کے کردار کی وجہ سے کیا گیا۔
ریلی میں مختلف شخصیات نے تقاریر کیں اور یکجہتی کے گیت گائے گئے۔ شرکاء نے صہیونی ناجائز قبضے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کی اپیل کی۔
منتظمین نے اعلان کیا کہ یہ پروگرام برازیل میں فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے ایک نئے عہد کا آغاز ہے۔ ان کا ارادہ ہے کہ اسے ایک سالانہ روایت میں تبدیل کردیں۔
آپ کا تبصرہ