مہر خبررساں ایجنسی نے شہاب نیوز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے صیہونی حکومت کی جانب سے رفح پر حملے کی تیاریوں پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض دہشت گرد فوج کی طرف سے ڈیڑھ ملین بے گھر افراد کی آبادی والے پرہجوم شہر رفح پر حملے کی تیاری کا اعلان کرتے ہوئے وہاں کے باشندوں کو انخلا کے لیے انتباہ دیا گیا ہے۔ دوسری طرف مشرقی علاقوں پر مسلسل فضائی حملوں کی وجہ سے بے گناہ شہریوں کی شہادتوں میں اضافہ ہورہا ہے، یہ جارحیت دہشت گرد نیتن یاہو کی جنگی کابینہ کی فلسطینی قوم کی نسل کشی کو جاری رکھنے کے خوف ناک عزائم کو برملا کرتی ہے۔
حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رفح میں کوئی بھی فوجی آپریشن قابض اور نسل پرست رجیم کے لئے آسان نہیں ہوگا اور ہماری دلیر مزاحمت اور ثابت قدم قوم غاصب رجیم کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
حماس نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدام کرے، جس سے لاکھوں شہریوں کی جانوں کو خطرہ ہے، جن میں بچے، خواتین اور بوڑھے شامل ہیں۔
ہم انسانی حقوق کی تنظیموں، خاص طور پر UNRWA ایجنسی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ رفح شہر میں اپنی موجودگی کو یقینی بناتے ہوئے اس پناہ گزین شہر کو ہرگز نہ چھوڑے اور نسل پرست قابض رجیم کے مطالبات کو تسلیم نہ کرے۔
آپ کا تبصرہ