مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ ملک شدید بحران کا شکار ہے،عوام آٹے کیلئے مر رہے اور ملک کے تمام فنانشلی ادارے ریلیف پالیسی بنانے میں ناکام ہیں۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ اشیائے خورد ونوش میں ہوشربا اضافے نے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سے بھی محروم کر دیا ہے۔عوام خودکشی کرنے پر مجبور ہو چکی ہے لیکن ارباب اختیار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔
انہوں نے سوال کیا کہ ان تمام حالات کا ذمہ دار کون ہے۔ آج 15 روپے کی روٹی 25 روپے میں فروخت ہو رہی ہے لیکن پرائزز کنٹرول اتھارٹیز چین کی نیند سو رہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ملکی مسائل کوحل کرنے کے ذمہ دار ہیں لیکن سیاست کے علاوہ کسی کوعوام کی فکر نہیں انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشورہ دیا کہ وہ سر جوڑ کر بیٹھیں اور ملک و قوم کو مہنگاہی کے آسیب اور دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے مشترکہ کاوش کریں انہوں عوام کو بھی اس مشکل حالات میں ملک و قوم کو بدحالی کے گرداب سے نکالنے کی لیے مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
آپ کا تبصرہ