مہر نیوز ایجنسی نے عالمی میڈیا سے نقل کیاہےکہ گزشتہ روز اپنے ملک سے فرار ہوکر مالدیپ پہنچنے والے سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے نجی طیارے میں سنگاپور روانہ ہوگئے۔ اس سے قبل سری لنکن صدر نے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا تاہم پارلیمنٹ کے اسپیکر کو اب تک ان کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا ہے۔
دوسری جانب سری لنکا میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 2 افراد ہلاک اورسو سے زائد زخمی ہوگئے۔ حکومت نے مظاہرین سے نمٹنے کے لئے فوج طلب کرلی۔ سری لنکا میں غیرمعینہ مدت کے ایمرجنسی نافذ ہے۔
سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے بعد حکمران اشرافیہ کے خلاف شدید احتجاج اورمظاہرے جاری ہیں اور عوام کو سنگین معاشی بحران کے باعث گذشتہ کئی ماہ سے بدترین لوڈشیڈنگ، ایندھن، خوراک، دواؤں اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
آپ کا تبصرہ