23 فروری، 2020، 8:40 PM

پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد کو عارضی طور پر بند کردیا

پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد کو عارضی طور پر بند کردیا

ایران میں کورونا وائرس کی تصدیق اور بعض افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ایران میں کورونا وائرس کی تصدیق اور بعض افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔ بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو نے ایران کے ساتھ منسلک سرحد کو بند کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سرحد کو ایران میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے پیش نظر عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔ بلوچستان کی حکومت نے پاکستان سے ایران جانے والے زائرین کے سفر پر بھی پابندی عائد کردی ہے اور صوبائی محکمہ داخلہ کو دیگر صوبوں سے اس حوالے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

صوبے کے وزیراعلیٰ جام کمال نے صوبائی محکمہ آفات کو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پاک ایران سرحد کو پار کرنے کے مقام تفتان پر 100 بستروں پر مشتمل ٹینٹ ہسپتال قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔

تفتان کے اسسٹنٹ کمشنر نجیب اللہ قمبرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاؤس میں رہنے والے زائرین کی اسکریننگ کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تفتان میں 100 بستروں پر مشتمل ٹینٹ لگانے کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے اور اسلام آباد سے ڈاکٹروں کی ٹیم پہنچ چکی ہے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے زیارات کے لیے ذمہ دار ایرانی حکام سے پاکستانی زائرین کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے بات کی تھی۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ شیعہ علما اور قافلہ سالاروں سے مشاورت کی جا رہی ہے، تفتان کے راستے آنے والے زائرین کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ایران میں کورونا وائرس سے اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

News Code 1898087

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha