مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی اقوام متحدہ کے عالمی ماہرین کی ٹیم نے استنبول میں قائم سعودی قونصل خانے کا دورہ کیا۔
اگنیس کیلامارڈ کی سربراہی میں عالمی ماہرین کی 3 رکنی ٹیم نے جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کے لیے سعودی قونصل خانے کا بیرونی دورہ کیا لیکن اندر داخل نہیں ہوئے۔ اگنیس کیلامارڈ نے کہا کہ قونصل خانے میں داخل ہونے کے لیے سعودی حکام کی اجازت کا انتظار کررہے ہیں اور اس سلسلے میں ان سے رابطے میں ہیں۔
اگنیس کیلامارڈ اپنی ٹیم کے ہمراہ ترکی کے ایک ہفتے کے دورے پر ہیں، انہوں نے ترکی کے وزرائے خارجہ اور انصاف سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان کی استنبول کے چیف پروسیکیوٹر سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔
یاد رہے کہ واشنگٹن پوسٹ کے لیے لکھنے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو ترکی میں سعودی قونصل خانے میں داخل ہوئے تھے لیکن پھر ان کی واپسی نہیں ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے قتل کی خبر آئی تھی جبکہ ترک حکام نے تفتیش کے بعد ایک مفصل رپورٹ جاری کی تھی۔
آپ کا تبصرہ