مہر خـبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ اگر عوام کے لئے جنگ کی مشروعیت اور جواز ثابت ہوجائے تو پھر جنگ کی سختیاں آسان ہوجاتی ہیں۔ صدر حسن روحانی نے دفاع مقدس کےچند میوزیم اور ثقافتی مراکز کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی علاقائي اور عالمی سطح پر ایک بے نظیر انقلاب ہے جسے ایرانی قوم نے کسی دوسرے ملک کی مدد کے بغیر کامیابی کے مراحل سے ہم کنار کیا۔ انقلاب اسلامی کی کامیابی میں ایرانی قوم کی صرف اللہ تعالی نے مدد کی اور انقلاب اسلامی کا سلسلہ اللہ تعالی کی مدد سے جاری ہے۔
صدر حسن روحانی نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایران پر 8 سالہ مسلط کردہ جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر جنگ صرف صدام معدوم یا کسی ایک ملک نے مسلط نہیں کی بلکہ ایران کے خلاف جنگ میں پوری دنیا شامل تھی ۔ صدام معدوم کو ہر طرف سے ہتھیار ، فوجی تعاون اور مالی تعاون مل رہا تھا اور ایران کے خلاف پابندیاں عائد تھیں اور ان سخت اوردشوار شرائط میں ایرانی قوم کو صرف اللہ تعالی کی ذات سے امید وابستہ تھی اور اللہ تعالی نے ایرانی قوم کی بھر پور مدد کی ۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ جب کسی قوم کو جنگ کی مشروعیت اور اس کے جواز کا علم ہوجاتا ہے تو اس وقت وہ جنگ کی تمام سختیاں برداشت کرکے ملک کا دفاع کرتی ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت کا ارادہ نہیں رکھتا اور نہ ہی ایران کا جارحیت پر اعتقاد ہے ایک سفاک حکومت نے ہم پر سخت شرائط میں جنگ مسلط کی ۔ اور ایرانی قوم نے اپنی دینی ، مذہبی ذمہ د اری سمجھتے ہوئے اپنےملک کا دفاع کیا ۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہمارے دشمن ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح ہیں اور وہ ہمیں روایتی اور معمولی ہتھیار رکھنے کی بھی اجازت نہیں دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج امریکہ روس کو نئے ایٹمی ہتھیاروں کے ذریعہ حملے کی دھمکی دے رہا ہے اور وہ ایٹمی ہتھیاروں کے استفادہ کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ جب تک ایران کے خلاف خطرات موجود ہیں تب تک ہمیں ہر خطرے کامقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی نے ایرانی قوم کو عزت، سرافرازی، سربلندی اور استقلال عطا کیا ہے اور ہمیں ان عظیم نعمتوں پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے آج ایرانی قوم اپنے پاؤں پر کھڑی ہے ہم نے دشمن کی طرف سے آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کو بھی ناکام بنادیا اور اس کی طرف سے اقتصادی پابندیوں کو بھی ناکام بنا رکھا ہے۔ دشمن کی پابندیوں کے باوجود آج ایران ترقی اور پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن ہے۔
آپ کا تبصرہ