مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بنگلہ دیش نے میانمار کی طرف سے سرحد پر باردوی سرنگیں بچھانے پر میانمار کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق میانمار نے اپنی شورش زدہ ریاست راکھائن سے کشیدگی کی وجہ سے ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کو واپس آنے سے روکنے کے لیے سرحد پر بارودی سرنگیں بچھادیں ہیں جس پر بنگلہ دیش نے احتجاج کیا۔ راکھائن میں 12 روز قبل شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد سے بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری بار میانمار کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔بنگلہ دیش کا کہنا ہے کہ سرحد پر بارودی سرنگیں بچھائے جانے کے بعد سے متعدد مہاجرین دھماکے کی زد میں آچکے ہیں۔ بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میانمار کے سفیر کو طلب کرکے اپنے خدشات سے آگاہ کیا گیا۔ بنگلہ دیشی سرحدی گارڈز کا کہنا ہے کہ انہوں نے سرحد پر زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں اور مہاجرین کو زخمی حالت میں بھی دیکھا ہے۔ واضح رہے کہ میانمار کی ریاست راکھائن میں 25 اگست سے شروع ہونے والے فوجی آپریشن کے نتیجے میں سیکڑوں روہنگیا مسلمان جاں بحق اور سوا لاکھ بنگلہ دیش ہجرت کرچکے ہیں۔
بنگلہ دیش نے میانمار کی طرف سے سرحد پر باردوی سرنگیں بچھانے پر میانمار کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔
News ID 1875093
آپ کا تبصرہ