مہر خبررساں ایجنسی نے بی بی سی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے کہا ہے کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کا عمل 29 مارچ کو شروع ہوجائے گا۔ برطانوی حکومت کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ وزیراعظم تھریسامے کے یورپی یونین میں مستقل مندوب نے یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کو مطلع کردیا ہے کہ تھریسا مے 29 مارچ کو بریگزٹ کا عمل باضابطہ طور پر شروع کرنے والی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یورپی یونین کا کہنا ہے کہ 29 مارچ کو جب تھریسا مے برطانوی آئین کے آرٹیکل 50 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے برطانیہ کی علیحدگی کے حوالے سے خط لکھیں گی تو یورپی یونین برطانیہ سے مذاکرات شروع کرنے کے لیے تیاری شروع کرے گا۔ڈونلڈ ٹسک مذاکرات کی گائیڈلائنز کا مسودہ یورپی یونین کے دیگر 27 رکن ممالک کو 48 گھنٹوں کے اندر بھیج دیں گےجس کا مطلب یہ ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان مذاکرات کا آغاز مئی تک ہوگا۔ مئی تک ڈونلڈ ٹسک مذاکرات کی حتمی گائیڈ لائنز کی توثیق کے لیے 27 رکن ممالک کا سربراہ اجلاس بھی طلب کرلیں گے۔ واضح رہے کہ 16 مارچ کو برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم نے بھی بریگزٹ سے متعلق پارلیمنٹ کے منظور کردہ بل کی توثیق کردی تھی۔ برطانوی پارلیمنٹ میں بھی ایک بل کی منظوری دی تھی جس کے تحت وزیراعظم تھریسا مے کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ یوپی یونین کے لزبن معاہدے کے آرٹیکل 50 کو استعمال کرتے ہوئے برطانیہ کی علیحدگی کا عمل شروع کرسکیں۔
آپ کا تبصرہ