مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں ایک پارک میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم 70 افراد ہلاک اور 300 زخمی ہوگئے ہیں۔ڈان نیوز کے مطابق دھماکے کے فوری بعد شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ گلشن اقبال پارک میں ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد70 تک پہنچ گئی ہے جبکہ شہر کے مختلف ہسپتالوں میں 300 زخمی موجود ہیں۔
اس سے قبل اقبال ٹاؤن کے سپرٹینڈنٹ پولیس (ایس پی) محمد اقبال نے دعویٰ کیا تھا کہ خود کش دھماکے میں 53 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔انھوں نے واقعے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا۔
پولیس کے مطابق دھماکہ گلشن اقبال پارک کے اس حصے میں ہوا جہاں بچوں کے جھولے نصب تھے اور مذکورہ مقام پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز نے بھی دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد کے ساتھ بڑی تعداد میں بال بیئرنگ استعمال کیے گئے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد کی مقدار کے حوالے سے جائے وقوعہ کے معائنے کے بعد ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) حکام کچھ بتا سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے بیشتر افراد کو شیخ زید ہسپتال اور جناح ہسپتال جبکہ بعض کو شہر کے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
دھماکے کے فوری بعد حکومت نے لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے پرائیویٹ ہسپتالوں کو بھی زخمیوں کے علاج معالجے کی ہدایت کردی جب کہ شہر اور اس اطراف کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔پاکستانی حکام نے دھماکے کی مذمت کی ہے ادھرطالبان دہشت گرد تنظیم سےم نسلک وہابی دہشت گرد گروپ جماعت احرار نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
آپ کا تبصرہ