مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ میں پہلی مرتبہ لاکھوں مسلمان طالب علموں کے لئے عیدالاضحیٰ پر چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد مسلم خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی ریاست نیویارک میں پہلی مرتبہ عید الاضحیٰ کے موقع پر 1800 اسکول مسلمان طالب علموں کے لئے بند رہیں گے تاکہ وہ اپنا اسلامی فریضہ بخوبی انجام دے سکیں۔ ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں اس وقت ایک کروڑ کے قریب مسلمان آباد ہیں جس میں 11 لاکھ کے قریب نیویارک میں رہائش پذیر ہیں۔
امریکہ میں مسلمانوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی سب سے بڑی تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشن کی ڈائریکٹر آپریشنز سادیہ خالق کا کہنا ہے کہ امریکہ میں اسلام فوبیہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے لیکن عید کی چھٹی اس مسئلے کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے مذہب کو تسلیم کروانے اور تہوار منانے کے حوالے سے اتنی آزادی کبھی بھی نہیں تھی جتنی اب ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل نیویارک کے مسلمان گومگو کی کیفیت میں رہتے تھے کہ آیا عید کے روز وہ اپنے بچوں کو اسکول کی چھٹی کروائیں یا پھر اپنے خوشی کے تہوار کو ایک طرف رکھ کر بچوں کو اسکول بھیجیں۔ ریاست نیو یارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے مارچ میں اس پالیسی کا اعلان کیا تھا کہ نیویارک کے اسکولز عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسلمان طالب علموں کے لئے بند رہیں گے۔
آپ کا تبصرہ