مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سوئڈن نے سرکاری سطح پر فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سوئڈن کے نومنتخب وزیراعظم اسٹیفن لیوفن نے رواں ماہ حلف اٹھانے کے بعد پارلیمنٹ میں فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کی حامی بھری تھی تاہم اب باقاعدہ طور پر سرکاری سطح پر فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرلیا گیا ہے۔ سوئڈن کی وزیر خارجہ مارگوٹ وال اسٹروم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فلسطینی عوام کو آزادی کے ساتھ رہنے کا پورا حق حاصل ہے اسے آزاد ریاست تسلیم کرنا اہم اقدام ہے جس کی وجہ سے دوسرے یورپی ممالک کو بھی اسے ریاست تسلیم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے حوالے سے تمام عالمی قانونی تقاضے پورے کر چکی ہے۔ واضح رہے کہ سوئیڈن کے وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں اپنی پہلی تقریر کے دوران اعلان کیا تھا کہ سوئیڈن مغربی یورپ کا پہلا ملک ہے جو فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرتا ہے جبکہ مشرقی یورپ کے سات ممالک بلغاریہ، ہنگری، مالٹا، پولینڈ، رومانیا، زیچ ریپبلک اور سائپرس پہلے ہی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرچکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ