مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج نے ہندوستانی فوج پرالزام لگایا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔
اتوار کو پاکستان کی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج نے اتوار کی صبح فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی ضلع راولاکوٹ میں بٹل سیکٹر میں ان کی چوکیوں پر بغیر کسی اشتعال کے فائرنگ شروع کر دی۔
پاکستانی فوج کے بیان کے مطابق پاکستان کی فوج جوابی کارروائی کر رہی ہے اور دونوں اطراف سے وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
لیکن بیان میں یہ نہیں کہا گیا ہے کہ فائرنگ میں کس قسم کے ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان نےبلا اشتعال فائرنگ پر ہندوستانی حکام سے احتجاج کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر فلیگ میٹنگ بلائی جائے۔
ہندوستان اور پاکستان ایک دوسری پر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے اور فائرنگ شروع کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان برسوں کی کشیدگی کے بعد نومبر سن دو ہزار تین میں لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کا معاہدہ ہوا تھا جو اب تک قائم ہے۔
آپ کا تبصرہ