مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بی بی سی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جنرل جیمز جونز نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے اس بات کی ضمانت درکار ہے کہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیار شدت پسندوں سے محفوظ ہیں۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر جنرل جیمز جونز نے کہا کہ پاکستانی فوج نے انہیں بار بار یہ بتایا ہے کہ پاکستان کے جوہری ہتھیار اس کے کنٹرول میں ہیں۔جنرل جمیز جونز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالات اب نسبتاً مثبت سمت کی طرف بڑھ رہے ہیں لیکن پاکستان کے نیوکلیر ہتھیاروں کی حفاظت کے بارے میں مزید یقین دہانیوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہااگر پاکستان کا سفر اس سمت نہیں بڑھتا جس طرف یہ اب ہے اور ہم وہاں کامیاب نہیں ہوتے تو ظاہر سی بات ہے کہ جوہری ہتھیاروں کا سوال پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے امریکہ کو بارہا یقین دلایا ہے کہ جوہری ہتھیار اس کے کنٹرول میں ہیں لیکن اس مسئلے پر تو بات ہوتی ہی رہتی ہے۔امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ دنیا یہ جاننا چاہے گی کہ اس مسئلے پریعنی پاکستان کے جوہری ہتھیار شدت پسندوں کی پہنچ سے محفوظ ہیں سکیورٹی مکمل ہے اور یہ معاملہ بالکل شفاف ہے۔جنرل جیمز جونز کا کہنا تھا کہ بدترین صورت یہ ہوگی کہ پاکستان کے جوہری ہتھیار طالبان کے ہاتھ لگ جائیں۔واضح رہے کہ امریکہ طالبان کو بہانہ بنا کر پاکستان کے ایٹمی اثاثوں تک پہنچنے کی کوشش کررہا ہے اور طالبان امریکہ کے لئے اس سلسلے میں بہترین وسیلہ ہیں۔
آپ کا تبصرہ