مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ایک سو سینتالیس ڈالر فی بیرل کی ریکارڈ بلندی کے بعد نیچے آنا شروع ہوگئی ہے اور گزشتہ بارہ دنوں میں تیل کی قیمت میں فی بیرل تیئس ڈالر کمی ہوئی ہے۔تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے بعد امریکی معیشت میں سستی آنے کی وجہ سے تیل کی مانگ میں کمی واقع ہوئی ہے جس سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
گیارہ جولائی 2008 کو ایک بیرل تیل کی قیمت ایک سو سینتالیس ڈالر تھی جو عالمی منڈی میں تیل کی سب سے زیادہ قیمت تھی۔ گیارہ جولائی کے بعد تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے اور بارہ روز میں تیئس ڈالر فی بیرل کمی واقع ہو چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق تیئس ڈالر فی بیرل کی کمی بھی ایک ریکارڈ ہے اور اس سے پہلے تیل کی قیمت میں کبھی اتنی کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ تیل کی قیمت میں مزید کمی واقع ہو سکتی ہے اور رواں ہفتے تیل کی قیمت 117 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔
آپ کا تبصرہ