مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی وزارت خارجہ نے حزب اللہ اور لبنانی مزاحمت کے خلاف امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات صہیونی حکومت کی مدد کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
المسیرہ کے مطابق یمنی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ حزب اللہ اور لبنانی مزاحمت پر امریکی پابندیاں صہیونی حکومت کی مدد اور اس کی حمایت کے لیے ہیں۔ یہ غیر قانونی پابندیاں اور اس نوعیت کے دیگر اقدامات ریاستوں کے درمیان تعلقات پر نافذ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
یمنی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جب بھی اسرائیلی دشمن کسی فوجی اور فیصلہ کن نتیجے کے حصول میں ناکام رہتا ہے تو امریکا اس مشن کو مکمل کرنے کے لیے میدان میں آجاتا ہے۔
بیان کے مطابق حزب اللہ کے خلاف امریکی پابندیاں اسرائیلی حکومت کی فوجی ناکامی کا واضح ثبوت ہیں۔
یمنی وزارت خارجہ نے کہا کہ موجودہ حساس مرحلے میں حزب اللہ اور لبنانی مزاحمت کو کسی بھی فریق کی جانب سے نشانہ بنانا صہیونی حکومت کی کھلی مدد اور اس کے جرائم میں فعال شرکت کے مترادف ہے۔
بیان میں لبنانی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہیں تاریخ کا بغور مطالعہ کرنا چاہیے، کیونکہ دشمن کے ساتھ ہم آہنگی اور اس کی حمایت کا انجام ناگزیر طور پر تباہی کی صورت میں نکلتا ہے۔
آپ کا تبصرہ