23 اگست، 2026، 10:01 AM

لبنان پر صہیونی نئی جارحیت اور قبضے کا مناسب جواب دیا جائے گا، حزب اللہ

لبنان پر صہیونی نئی جارحیت اور قبضے کا مناسب جواب دیا جائے گا، حزب اللہ

حزب اللہ نے کہا ہے کہ لبنان کی مزید سرزمین پر اسرائیلی قبضے کی کسی بھی کوشش کا زمینی حالات کے مطابق مناسب اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ محمود قماطی نے خبردار کیا ہے کہ لبنان کی مزید سرزمین پر قبضہ کرنے کی اسرائیلی کوشش کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی سما کے مطابق محمود قماطی نے ہفتے کے روز اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان کے بعض علاقے اب بھی اسرائیلی قبضے میں ہیں، جبکہ لبنانی حکومت ان علاقوں سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا کے لیے سیاسی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اللہ نے صبر کا راستہ اختیار کیا ہے اور سیاسی عمل کو مقبوضہ لبنانی علاقوں کی مکمل آزادی کا موقع دیا ہے۔

قماطی نے واضح کیا کہ اسرائیلی جارحیت کا ہر موقع پر فوری جواب نہ دینا اس بات کی علامت نہیں کہ مزاحمت کمزور یا جواب دینے سے قاصر ہے۔ حزب اللہ اب بھی مضبوط ہے اور اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہے۔

حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ نے مزید کہا کہ لبنان کی مزید سرزمین پر قبضے کی کسی بھی کوشش کا ایسا جواب دیا جائے گا جو زمینی صورتحال میں ہونے والی پیش رفت کے تناسب سے ہوگا۔

انہوں نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے صفوں میں ایرانی جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاعات کی بھی تردید کی۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت نے 2 مارچ کو لبنان کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کی تھی، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا، 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے اور جنوبی لبنان کے بعض علاقوں پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کرلیا۔

گزشتہ ماہ لبنان اور اسرائیلی حکومت نے امریکا کی ثالثی میں ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کا مقصد واشنگٹن میں ہونے والے کئی براہ راست مذاکرات کے بعد اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کا خاتمہ تھا۔

تاہم اس معاہدے کو اس کی قانونی حیثیت سے متعلق غیر یقینی صورتحال اور اسرائیلی فوج کے انخلا کے لیے واضح ٹائم لائن نہ ہونے کے باعث تنقید کا سامنا ہے۔

News ID 1940810

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha