مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی نے بغداد کے دورے کے دوران اپنے عراقی ہم منصب نزار ناصر حسین اور وزیر خزانہ فالح الساری سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں بینکاری اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ہمتی نے عراقی بینکوں میں موجود ایرانی رقوم تک ایران کی رسائی کے طریقہ کار کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایرانی تاجروں اور برآمد کنندگان، خصوصاً رقوم کی منتقلی کے حوالے سے بینکاری کارروائیوں کو آسان بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
ایران اور عراق کے مرکزی بینکوں کے سربراہان نے ایرانی زرمبادلہ کے وسائل کے انتظام اور ان تک رسائی کے لیے عملی حل تلاش کرنے کی غرض سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ہمتی نے اپنے عراقی ہم منصب کو بینکاری معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے تہران کے دورے کی دعوت بھی دی۔
عراقی وزیر خزانہ سے ملاقات میں ایرانی مرکزی بینک کے گورنر نے ایران کے مالی مطالبات کی ادائیگی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تکنیکی تجاویز پیش کیں۔ دونوں جانب سے اقتصادی تعاون بڑھانے اور عراق کے ترقیاتی منصوبوں میں ایرانی کمپنیوں اور ماہرین کی فنی و انجینئرنگ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عراقی وزیر خزانہ نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے قدرتی وسائل اور ماہر افرادی قوت سے بہتر انداز میں فائدہ اٹھاتے ہوئے فنی، انجینئرنگ اور مالی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینی چاہیے۔
آپ کا تبصرہ