مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج نے ملک کے مختلف علاقوں میں سعودی حمایت یافتہ جنگجوؤں کے فوجی مراکز اور کمانڈ سینٹرز کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں درجنوں جنگجو ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
یمنی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ کارروائیاں صوبہ مأرب کے علاقے الرویک اور صوبہ حضرموت کے اضلاع العبر، الثنیہ اور الودیعہ میں کی گئیں، جہاں دشمن کے فوجی اجتماع، کمانڈ سینٹرز اور دیگر عسکری تنصیبات پر بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے گئے۔
المسیرہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے یمنی فوج کے ایک ذریعے نے بتایا کہ ان حملوں میں سعودی حمایت یافتہ متعدد جنگجو ہلاک و زخمی ہوئے، جبکہ ان کے فوجی کیمپ، اسلحہ کے ذخائر اور بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں۔
المسیرہ کے مطابق یمن کی جانب سے پیشگی حملوں کی حکمت عملی کا مقصد سعودی حمایت یافتہ افواج کی عسکری تیاریوں کو ناکام بنانا اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کے وقت اور مقام کا تعین کرنے کی ان کی صلاحیت کو محدود کرنا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، ایک سعودی فوجی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حالیہ حملوں میں کم از کم 58 سعودی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب مأرب کے گورنر علی طعیمان اور حضرموت کے گورنر لقمان باراس نے الگ الگ بیانات میں یمنی عوام کو دشمن کی صفوں میں شامل ہونے سے خبردار کرتے ہوئے اسے قومی مفادات کے خلاف قرار دیا۔
آپ کا تبصرہ