مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی نے کہا ہے کہ شہید امام خامنہ ای اور دیگر شہداء کے خون کا انصاف ضرور ہوگا اور ان کے قاتل اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔
شہید امام خامنہ ای کی الوداعی اور تشییعی تقریبات کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں آیت اللہ مکارم شیرازی نے کہا کہ لاکھوں افراد کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایرانی قوم انقلاب اسلامی کے وفادار ہے، استقامت کے ساتھ اپنے موقف پر قائم ہے اور شہداء کے راستے کو جاری رکھنے کے عزم پر متحد ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ یہ تصور نہیں کرنا چاہیے کہ دشمن کے ساتھ محاذ آرائی ختم ہوچکی ہے، کیونکہ عالمی استکبار کے محاذ کے خلاف جدوجہد بدستور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام، حکام یا مسلح افواج میں مایوسی، کمزوری یا ناامیدی پھیلانا دشمن کے مفاد میں ہوگا، جبکہ کامیابی کے لیے صبر، استقامت اور ثابت قدمی ناگزیر ہے۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے کہا کہ شہید امام خامنہ ای، فوجی کمانڈروں، سرکاری عہدیداروں، عام شہریوں اور بچوں کے قتل کے ذمہ دار عناصر نہ الٰہی عدالت سے فرار حاصل کر سکیں گے اور نہ ہی عادلانہ سزا سے بچ پائیں گے۔ شہداء کا خون کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور امت مسلمہ اسلامی قوانین اور قانونی اصولوں کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کے لیے انصاف کے حصول کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے ایرانی حکام، مسلح افواج اور فیصلہ ساز اداروں پر زور دیا کہ وہ اللہ تعالیٰ پر توکل، قومی صلاحیتوں اور عوام کے ایمان و استقامت پر اعتماد کرتے ہوئے عسکری، سفارتی اور دیگر تمام محاذوں پر دشمن کے مقابلے میں ثابت قدم رہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ تجربہ ثابت کر چکا ہے کہ جارح قوتوں کے سامنے کسی بھی قسم کی پسپائی انہیں مزید جارحیت اور اپنے توسیع پسندانہ عزائم کو آگے بڑھانے کی ترغیب دیتی ہے۔
آپ کا تبصرہ