مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ عراق میں بدھ شہید رہبر انقلاب کی تشییع کے موقع پر وسیع انتظامات کیے جا رہے ہیں اور مختلف سماجی و عوامی حلقوں میں اس تقریب میں شرکت کے لیے غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نجف اشرف اور کربلا معلی میں ہونے والی تشییع میں پانچ ملین سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اس مقصد کے لیے عراقی حکومت نے وزیراعظم کے دفتر، حشد الشعبی، نجف اشرف اور کربلا معلی کی مقامی انتظامیہ، عتبات عالیات، وزارت داخلہ، وزارت ٹرانسپورٹ اور دیگر سرکاری اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
ادھر ذی قار، کربلا معلی، نجف اشرف، بصرہ اور بغداد سمیت کئی عراقی صوبوں کی مقامی انتظامیہ نے بدھ کے روز مقامی تعطیل کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہری تشییعی مراسم میں شریک ہوسکیں، جبکہ پارلیمانی اور سماجی حلقوں نے وفاقی حکومت سے ملک گیر عام تعطیل کا اعلان کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ عراق کے مختلف قبائل اور عشائر نے بھی تشییع میں بھرپور شرکت کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ درجنوں موکب اور حسینیہ زائرین کے لیے کھانے، مشروبات اور آرام گاہوں سمیت مختلف خدمات کی فراہمی کے انتظامات کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ