28 نومبر، 2026، 10:30 PM

جنگ کے دوران بحری ناکہ بندی شکست کا اعتراف؛ امریکہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا،بحریہ کمانڈر

جنگ کے دوران بحری ناکہ بندی شکست کا اعتراف؛ امریکہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا،بحریہ کمانڈر

ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ بحری ناکہ بندی عام طور پر جنگ شروع ہونے سے پہلے مخالف فریق پر دباؤ ڈالنے کے لیے کی جاتی ہے، لیکن جنگ کے دوران بحری ناکہ بندی کا اعلان کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ جنگ کے میدان میں شکست کھا چکے ہیں اور اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے ایک گفتگو میں امریکی بحریہ کی مشکلات اور جنگ میں امریکہ کی کمزوریوں سے متعلق اہم نکات بیان کیے ہیں۔

۱۔ جنگ کے دوران بحری ناکہ بندی بے معنی ہے

ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ بحری ناکہ بندی عام طور پر جنگ شروع ہونے سے پہلے مخالف فریق پر دباؤ ڈالنے کے لیے کی جاتی ہے، لیکن جنگ کے دوران بحری ناکہ بندی کا اعلان کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ جنگ کے میدان میں شکست کھا چکے ہیں اور اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

دشمن نے تین دن، سات دن اور دیگر مخصوص مدت کے لیے اہداف مقرر کیے تھے، لیکن وہ ان میں سے کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کر سکا۔ یہاں تک کہ خطے میں اس کی موجودگی کا ایک حصہ بھی ختم ہو چکا ہے اور اسے پسپائی اختیار کرنا پڑی ہے۔

۲۔ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن پر میزائل حملہ

ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے بتایا کہ جنگ کے دوسرے روز، دشمن کی جانب سے ایران پر شدید حملوں کے باوجود، ہم نے اسے پہلا سخت جواب دیا اور اپنا پہلا میزائل داغا۔ اس میزائل کا تجرباتی فائر بھی اسی روز کیا گیا، حالانکہ اس سے قبل اس کا عملی فائر ٹیسٹ نہیں ہوا تھا۔

یہ کارروائی ’’یا زہرا سلام اللہ علیہا‘‘ کے مبارک کوڈ کے ساتھ انجام دی گئی اور میزائل براہِ راست اپنے اصل ہدف، یعنی امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن سے جا ٹکرایا۔

اس حملے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ امریکی بحری جہاز کو زخمیوں کے انخلا اور پہنچنے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے خطے کے ممالک سے مدد طلب کرنا پڑی۔ اس کے علاوہ اس طیارہ بردار بحری جہاز کے عرشے سے فضائی آپریشن بھی روک دیا گیا، جہاں سے عموماً ایف 18 جنگی طیارے پرواز کرتے تھے۔

۳۔ دشمن کو خلیجِ خنزیر تک پیچھے دھکیلیں گے

ایڈمرل ایرانی نے کہا کہ مسلح افواج کا پہلا مشن دشمن کو خطے کی گہرائی میں روکنا اور اس کی پیش قدمی ختم کرنا تھا، جس میں خدا کے فضل سے کامیابی حاصل ہوئی۔ دشمن اب تک بحیرۂ عرب اور شمالی بحرِ ہند میں رکا ہوا ہے اور یقیناً مستقبل میں اسے مزید پیچھے دھکیلا جائے گا، یہاں تک کہ وہ خلیجِ خنزیر اور اپنے اصل ٹھکانے پر واپس چلا جائے۔

۴۔ امریکی فوجی ہفتے میں صرف پانچ مرتبہ گرم کھانا کھاتے ہیں

ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ آج امریکی بحریہ کے اہلکاروں کو اپنے یونٹوں میں پورے ہفتے کے دوران صرف پانچ مرتبہ گرم کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ باقی کھانے انہیں پیک شدہ اور تیار شدہ صورت میں دیے جاتے ہیں، جن کا معیار اور اندرونی مواد انتہائی نامناسب ہے۔

۵۔ دس میں سے نو امریکی فوجی اپنے حکام کے خلاف احتجاج کرتے ہیں

ایڈمرل ایرانی نے کہا کہ آج امریکی فوج کے ہر دس میں سے نو اہلکار براہِ راست ان حکام کے خلاف احتجاج کرتے ہیں جنہوں نے انہیں اس جنگ میں جھونکا ہے۔ وہ ان کے لیے توہین آمیز الفاظ بھی استعمال کرتے ہیں۔ میں ان الفاظ کو بیان نہیں کر سکتا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ دس میں سے نو اہلکار ایسا ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔

۶۔ امریکی فوج آبنائے ہرمز میں حملوں کے مقام کا تعین کرنے سے قاصر ہے

ایڈمرل ایرانی نے کہا کہ دشمن آج واقعی یہ نہیں جانتا کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی یا مغربی حصے میں اسے کس مقام سے نقصان پہنچ رہا ہے۔

اس نے اپنی پوری طاقت اور انٹیلی جنس برتری کے دعوؤں کے باوجود ایک جہاز کو گزارنے کے لیے اس کے گرد چار جنگی بحری جہاز تعینات کیے، اس کے اوپر چار ڈرون پرواز کرتے رہے، آسمان پر جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر بھی موجود تھے اور اس کے بقول فوری کارروائی کے لیے فوجی دستے بھی تیار تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس تمام تر انتظام کے باوجود وہ کوئی نتیجہ حاصل نہیں کر سکے۔ اس کے بعد کیا ہوتا ہے؟ ایک میزائل داغا جاتا ہے اور وہ ایک ماہی گیری کی کشتی کو جا لگتا ہے! یعنی دشمن کو اب تک یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ اسے کس مقام سے ضرب لگ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ایک یا دو دن کا نہیں بلکہ تقریباً ہر روز دہرایا جا رہا ہے۔

۷۔ امریکی بحریہ نے بین الاقوامی بحری اصولوں کی خلاف ورزی کی

ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ دنیا بھر میں بحری افواج کو ایک بنیادی اصول سکھایا جاتا ہے، جس کی پوری تاریخ میں پابندی پر زور دیا گیا ہے۔ لیکن آج امریکی بحریہ نے ہمیشہ کے لیے اس اصول کو پامال کر دیا اور تاریخ میں اپنا نام ایک ایسی بحریہ کے طور پر درج کروایا جس نے بحری قزاقی کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکیوں نے ہمارے دو آئل ٹینکرز چوری کیے، لیکن ہم جنگ کے دوران ہی گئے اور انہیں واپس لے آئے۔ اس کے علاوہ ان کا یہ طرزِ عمل اسمگلنگ کے زمرے میں بھی آتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے بھی زیادہ افسوس ناک بات ان اہلکاروں کے ساتھ ان کا غیر اخلاقی رویہ ہے جو اب جنگی کارروائی کرنے اور خطرہ پیدا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ بحریہ کی پیشہ ورانہ تربیت میں ہمیں سکھایا جاتا ہے کہ اگر مخالف فریق انتہائی درجے کا دشمن بھی ہو، لیکن اس کی جنگی صلاحیت ختم ہو چکی ہو اور اس کے ہتھیار و وسائل چھین لیے گئے ہوں تو ہمیں اس کے ملاحوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی حق نہیں۔ کیونکہ ایسی صورت میں وہ ہمارے لیے خطرہ نہیں رہتے۔

ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ امریکیوں نے ان اصولوں کی پابندی نہیں کی بلکہ انتہائی غیر اخلاقی رویے کا مظاہرہ کیا۔ امریکی بحریہ کے کمانڈروں اور ملاحوں کو بخوبی معلوم ہے کہ میں کس معاملے کی بات کر رہا ہوں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے اس رویے نے بین الاقوامی سطح پر انہیں کس قدر رسوا کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گا۔

8۔ امریکی بحریہ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا

ایڈمرل ایرانی نے کہا کہ ان تمام واقعات کو ایک ساتھ دیکھا جائے گا اور ان شاء اللہ بالآخر ان جرائم کے ذمہ داروں کو جواب دہ بنانے اور سزا دلوانے کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارے پاس صرف ایک نہیں بلکہ متعدد کارروائیاں موجود ہیں، جو آئندہ انجام دی جائیں گی۔

9۔ امریکہ کو مغربی ایشیا سے نکالنے کا ہدف

ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ ان کارروائیوں کا آخری مقصد صرف بحری ناکہ بندی توڑنا نہیں ہے، بلکہ ہمارا ہدف انہیں پورے مغربی ایشیا سے نکالنا ہے۔ ان شاء اللہ انہیں بحرِ ہند کے علاقے سے بھی نکلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری دفاعی حکمتِ عملی اب صرف ملکی سمندری سرحدوں تک محدود نہیں رہی۔ بین الاقوامی پانیوں میں بھی ہمارا اثر و رسوخ ہے اور اس وقت ہماری جھڑپیں بنیادی طور پر بین الاقوامی پانیوں میں جاری ہیں۔

10۔ امریکی فوج کے خلاف کارروائیوں کے لیے جغرافیائی حدود کی پابندی نہیں ہوگی

ایڈمرل ایرانی نے کہا کہ جاری کردہ ہدایات کے مطابق اب ہمارے لیے کوئی جغرافیائی پابندی نہیں رہی۔ دشمن کو اس بات کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے۔ اب ہمارے ہاتھ کھلے ہیں اور ہم ان شاء اللہ مستقبل قریب میں جاری کردہ ہدایات کے مطابق کوئی بھی کارروائی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب میدان مکمل طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے مضبوط کنٹرول میں ہے اور یہ سلسلہ اسی قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

News ID 1943186

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha