28 نومبر، 2026، 11:37 PM

جنگ کے دوران ایران کی ماہی گیری کی برآمدات میں 50 فیصد اضافہ

جنگ کے دوران ایران کی ماہی گیری کی برآمدات میں 50 فیصد اضافہ

ایران کے ادارہ ماہی گیری کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی فوجی جارحیت کے باوجود ملک کی ماہی گیری اور آبی وسائل کی پیداوار اور برآمدات میں 50 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے ادارہ ماہی گیری کے سربراہ حمزہ رستم پور نے کہا کہ جنگی حالات کی پیچیدگیوں کے باوجود آبی وسائل کے شعبے کی پیداواری اور برآمدی زنجیریں نہ صرف برقرار ہیں بلکہ ان میں نمایاں توسیع بھی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک ملک کے آبی فارمز سے 40 ہزار ٹن سے زیادہ جھینگے حاصل کیے جاچکے ہیں، جبکہ رواں سیزن میں مزید 60 ہزار ٹن جھینگوں کی پیداوار متوقع ہے۔

رستم پور کے مطابق، بحر ہند میں گہرے سمندر کی ماہی گیری کے شعبے میں بھی رواں سال 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ سرگرمیاں بحر ہند ٹونا کمیشن کے ضوابط کے مطابق انجام دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے اس ترقی کی ایک بڑی وجہ ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ماہی گیری کے شعبے میں سرمایہ کاری تقریباً دوگنی ہو چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنگ سے پہلے ماہی گیری کے شعبے میں 34 ہزار ارب تومان کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ رواں سال اب تک یہ رقم 40 ہزار ارب تومان سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ایرانی کیلنڈر سال ختم ہونے میں کئی مہینے باقی ہیں۔

رستم پور نے کہا کہ اس شعبے میں ہونے والی سرمایہ کاری کا 90 فیصد نجی شعبہ فراہم کر رہا ہے۔ اس سرمایہ کاری کا بڑا حصہ جنوبی ساحلی صوبوں، بالخصوص سیریک اور قشم کے جزائر میں لگایا جا رہا ہے، جس سے مکران کے ساحلی علاقوں کو ترقی دینے کے حکومتی منصوبے کو بھی تقویت مل رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فروری کے اواخر میں شروع ہونے والی امریکہ اور اسرائیل کی 40 روزہ جنگی جارحیت کے دوران ماہی گیری کے شعبے کو براہ راست خطرات کا سامنا کرنا پڑا اور 40 سے زیادہ ماہی گیر اور کارکن اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ان نقصانات اور رسد کے نظام کو متاثر کرنے کی کوششوں کے باوجود اس شعبے کی سپلائی چین میں کوئی تعطل نہیں آیا۔ دشمن کی جانب سے صوبہ ہرمزگان کے اطراف میں پلوں کو نشانہ بنائے جانے کے باوجود خوراک لے جانے والے ٹرکوں کی آمد و رفت بلا تعطل جاری رہی۔

ایران کے ادارہ ماہی گیری کے سربراہ نے زور دیا کہ ماہی گیری کے شعبے کو محض ایک روایتی پیداواری سرگرمی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے، بلکہ یہ قومی غذائی تحفظ، روزگار کی فراہمی اور ملک کے جنوبی ساحلی علاقوں کی ترقی کے لیے ایک اسٹریٹجک شعبہ ہے۔ اس کے ذریعے ان علاقوں میں لوگوں کی واپسی اور آبادی کو دوبارہ آباد کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

News ID 1943189

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha