مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل امیر حاتمی نے یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے مشن میں شریک ایرانی بحریہ کے جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ نے اپنی اندرونی طاقت اور دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے دشمن کی نقل و حرکت کا فیصلہ کن مقابلہ کیا ہے اور اسے شمالی بحر ہند اور بحیرہ عمان میں اپنے زیر حفاظت علاقوں کے قریب آنے کی جرات نہیں ہوئی۔
جنرل حاتمی نے مزید کہا کہ ایرانی بحریہ نے ملکی علاقائی سالمیت کے دفاع، ساحلی علاقوں کی ترقی، بحری معیشت کے فروغ اور قومی بحری راستوں کی سلامتی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان میں دشمن کی کمزوری اور بے بسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت اور رہبر انقلاب کی قیادت میں آبنائے ہرمز ایران کی شرائط پوری ہونے تک بند رہے گی۔
ایرانی فوج کے سربراہ نے مزید کہا کہ بحریہ اپنی بحری طاقت کو مزید مضبوط بنانے اور جارح دشمن کو سخت سزا دینے کی پابند ہے اور شہدائے دنا و جماران سمیت بحریہ کے دیگر شہداء کا بدلہ لینے تک جدوجہد جاری رکھے گی۔
آپ کا تبصرہ