3 جولائی، 2026، 10:19 PM

ظلم و جبر کے سامنے ہرگز سر نہیں جھکائیں گے، صدر پزشکیان

ظلم و جبر کے سامنے ہرگز سر نہیں جھکائیں گے، صدر پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جارجیا کے صدر سے ملاقات میں کہا کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی تھی، ہم نے اپنے دفاع کے حق کے تحت فیصلہ کن جواب دیا اور آئندہ بھی کسی بھی دباؤ یا دھونس کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے جارجیا کے صدر میخائل کاولاشویلی اور ان کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں جارجیا کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ جذبہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

صدر پزشکیان نے حالیہ امریکی اور صہیونی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور اور انسانی حقوق کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی تھے۔ ان حملوں میں رہبر شہید انقلاب اسلامی، متعدد فوجی کمانڈروں، حکام، سائنس دانوں، اساتذہ، طلبہ اور بے گناہ شہریوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ ملک کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کی رو سے یہ حملے قومی خودمختاری کی خلاف ورزی اور شہری آبادی کے خلاف جرم کے مترادف ہیں، تاہم اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے دفاع کے قانونی حق کے تحت اپنی قومی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے ان جارحیتوں کا بھرپور اور متناسب جواب دیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ دشمنوں کا خیال تھا کہ رہبر انقلاب اسلامی کو نشانہ بنا کر اور شدید دباؤ ڈال کر ایران کو کمزور کیا جا سکتا ہے، لیکن اس کے برعکس پوری قوم پہلے سے زیادہ متحد ہوگئی جبکہ مسلح افواج نے ملک کی سلامتی اور علاقائی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا اور حکومت نے بھی تمام ریاستی امور اور عوامی خدمات کو بلا تعطل جاری رکھا۔

پزشکیان نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی زور زبردستی اور دھونس کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ بعض طاقتیں دنیا کی اقوام پر اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتی ہیں، لیکن ایرانی قوم کسی صورت ایسے دباؤ کو قبول نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ صہیونی حکومت بیشتر علاقائی بحرانوں اور تنازعات میں مرکزی کردار ادا کرتی رہی ہے اور خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ ہے۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور تعاون کا حامی رہا ہے اور تمام ممالک خصوصاً ہمسایہ اور علاقائی ممالک کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ جارجیا اس پالیسی میں اہم مقام رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور جارجیا کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سائنسی، تعلیمی، ثقافتی اور سیاحتی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ان شعبوں میں تعلقات کے فروغ سے دونوں ممالک اور عوام کے مشترکہ مفادات کو تقویت ملے گی۔

صدر پزشکیان نے تہران میں جارجیا کے صدر کی موجودگی کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دوطرفہ تعاون اور روابط کے مزید فروغ کا ذریعہ بنے گا۔

News ID 1940123

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha