23 جنوری، 2026، 11:22 PM

یورپی پارلیمنٹ کو ایران کو لیکچر دینے کا کوئی حق نہیں، ایرانی وزارت خارجہ

یورپی پارلیمنٹ کو ایران کو لیکچر دینے کا کوئی حق نہیں، ایرانی وزارت خارجہ

یورپی پارلیمنٹ کی ایران مخالف قرارداد پر سخت ردعمل دیتے ہوئے وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ قرارداد اقوام متحدہ کے چارٹر اور قومی خودمختاری اور داخلی امور میں عدم مداخلت کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارتِ خارجہ نے یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کی گئی ایران مخالف قرارداد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قرارداد میں حالیہ واقعات کے بارے میں بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں اور یہ اسلامی جمہوری ایران کے داخلی امور میں مداخلت کے مترادف ہے۔

وزارتِ خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یورپی پارلیمنٹ کے بہت سے ارکان نہ صرف ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے حامی رہے ہیں بلکہ غیر قانونی امریکی پابندیوں کی پیروی اور ایران کے خلاف جارحیت میں صہیونی حکومت کے ساتھ تعاون بھی کرتے رہے ہیں، اس لیے انہیں انسانی حقوق کے حوالے سے ایران کو نصیحت کرنے کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فلسطینی عوام کی نسل کشی اور مغربی ایشیا میں صہیونی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر یورپی پارلیمنٹ کا طرز عمل اس کی ساکھ کو مکمل طور پر ختم کرچکا ہے۔ مقبوضہ فلسطین کے واقعات پر خاموشی اور ایران کے اندرونی معاملات پر جانبدارانہ موقف دوغلی پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے الزام عائد کیا کہ قرارداد کے مسودہ نگاروں نے دانستہ طور پر اسرائیل سے وابستہ میڈیا اور امریکہ میں جنگ پسند حلقوں کے تیار کردہ بیانیے پر انحصار کیا، حالانکہ دستیاب شواہد، تصاویر، آڈیو فائلز اور رپورٹس اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ پرامن احتجاج کو اسرائیل سے وابستہ دہشت گرد عناصر نے تشدد کی طرف دھکیلا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ قرارداد اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین، بالخصوص قومی خودمختاری اور داخلی امور میں عدم مداخلت کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، جو یورپی پارلیمنٹ کی قانون سے بے اعتنائی کو ایک بار پھر ظاہر کرتی ہے۔

وزارتِ خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اپنے آئین اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا پابند ہے، تاہم سماجی نظم، قومی سلامتی اور خودمختاری کو دہشت گردی اور بیرونی خطرات سے بچانا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

بیان کے اختتام پر ایران کے سرکاری اداروں اور شخصیات کے خلاف قرارداد میں استعمال کی گئی توہین آمیز زبان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے خبردار کیا گیا کہ ایران کی مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانے والی کسی بھی غیر قانونی یا مداخلت پسندانہ کارروائی کا متقابل جواب دیا جائے گا، اور اس کے نتائج کی ذمہ داری اقدام کرنے والوں پر عائد ہوگی۔
 

News ID 1937851

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha