مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں ممبران نے یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے ملک کے خلاف پیش کی گئی حالیہ قرارداد کی مذمت کی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے رکن احمد نادری نے یورپی پارلیمنٹ کی حالیہ قرارداد کی مذمت میں اراکین پارلیمنٹ کا بیان پڑھ کر سنایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران یورپی پارلیمنٹ کی ملک مخالف قرارداد کو مداخلت پسندانہ طرز عمل پر مبنی شرمناک اقدام سمجھتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کی عدلیہ اور پاسداران انقلاب اسلامی پر حملہ بین الاقوامی میدان میں ایران کی اتھارٹی کو کمزور کرنے کی دشمن کی سازش کی عکاسی کرتا ہے۔ تاہم اسلامی جمہوریہ ایران اپنے ملکی قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کی بنیاد پر انسانی حقوق کے احترام اور اپنے تمام شہریوں کے لیے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایسے موقع پر جب ملک کے دو اعلیٰ جج دہشت گردی کی کارروائی میں شہید ہوچکے ہیں، یورپی پارلیمنٹ حقائق کو مسخ کرتے ہوئے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کے ذریعے ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہی ہے۔
جب کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں سب سے آگے رہا ہے اور خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے جن میں سے اکثر واقعات میں یورپی یونین کے یافتہ دہشت گرد عناصر ملوث پائے گئے ہیں۔
بیان میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ سپاہ ایک قانونی ادارہ ہے جو ایرانی قوم کی حمایت سے ملک اور خطے کی سلامتی کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کی کسی بھی کوشش کا اسلامی جمہوریہ کی طرف سے سخت جواب دیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ