مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ دشمنان ایران نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج کس طرح متحد اور یکجان ہوکر اپنے مقدس اہداف کے تحفظ کے لیے ڈٹ جاتے ہیں اور کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے۔
شہید کرنل محمد علیزاده کے اہل خانہ سے تعزیت و تبریک کے موقع پر جنرل حاتمی نے کہا کہ شہداء نے اپنی بے مثال فداکاری سے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ایرانی افواج ملک کے دفاع کے لئے آخری سانس تک حاضر ہیں۔
جنرل حاتمی نے کہا کہ 12 روزہ جنگ کے دوران فضائی دفاعی افواج نے دشمن کی جدید ٹیکنالوجی اور عسکری طاقت کے سامنے بے خوف ہوکر مقابلہ کیا اور ملک کا دفاع کرتے ہوئے سرخرو ہوئیں۔ انہوں نے فضائی دفاع کے شعبے کو حساس ترین دفاعی محاذ قرار دیا۔
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کو ملت کی آنکھوں کا تارا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان عظیم خاندانوں کی قربانیوں کی قدر دانی اور شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا ہر ایرانی کی ذمہ داری ہے۔ شہیدوں کے پاکیزہ خون کو انہوں نے ملک کی ارضی سالمیت کا ضامن قرار دیا۔
جنرل حاتمی نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر حال میں وطن کے دفاع، انقلاب کے اہداف اور اسلامی غیرت کے تحفظ کے لیے سینہ سپر ہیں اور راہ شہداء سے ذرہ برابر انحراف ممکن نہیں۔
آپ کا تبصرہ