مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ترجمان بہروز کمالوندی نے کہا ہے کہ نطنز ایٹمی مرکز میں کچھ سطحی نوعیت کے نقصانات ضرور پہنچے ہیں، لیکن زیرِ زمین موجود اہم اور اساسی ایٹمی تنصیبات مکمل طور پر محفوظ ہیں اور انہیں کوئی سنگین نقصان نہیں پہنچا۔
کمالوندی نے وضاحت کی کہ نطنز میں صرف سطحی ڈھانچے کو محدود نقصان پہنچا ہے، جبکہ زیرزمین واقع بنیادی تنصیبات محفوظ ہیں۔ کچھ معمولی سطحی آلات کو نقصان پہنچا، لیکن اس سے نہ کوئی آلودگی پیدا ہوئی ہے اور نہ ہی عوامی صحت کے لیے کوئی خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فردو ایٹمی مرکز میں بھی صرف معمولی نوعیت کی محدود تباہی ہوئی ہے، جسے تکنیکی طور پر سنگین نقصان نہیں کہا جاسکتا۔ اصفہان میں بھی چند سٹور ہاؤسز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ لگ گئی۔
کمالوندی کے مطابق پیشگی حفاظتی تدابیر اور منصوبہ بندی کے تحت اہم آلات اور مواد پہلے ہی منتقل کیے جاچکے تھے، جس کی وجہ سے تنصیبات کو قابل ذکر نقصان سے بچا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے ان واقعات میں کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید اطمینان دلایا کہ جہاں کہیں بھی معمولی نقصان پہنچا ہے، وہاں مرمت و بحالی کا کام پہلے سے بہتر معیار پر انجام دیا جا رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ