22 مئی، 2025، 10:47 PM

صہیونی فوج دنیا کی بزدل ترین فوج/اسرائیلی مظالم عربوں کی اپنی ذمہ داری سے غفلت کا نتیجہ ہیں، الحوثی

صہیونی فوج دنیا کی بزدل ترین فوج/اسرائیلی مظالم عربوں کی اپنی ذمہ داری سے غفلت کا نتیجہ ہیں، الحوثی

انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے کہا ہے کہ عرب اقوام کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں سے غفلت کی وجہ سے فلسطین اور دیگر ممالک صہیونی مظالم کا شکار ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مقاومتی تنظیم انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے مشرق وسطی اور بین الاقوامی حالات خصوصاً غزہ میں صہیونی جارحیت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ہفتہ غزہ میں فلسطینی قوم کے لیے سب سے خونریز اور المناک ایام میں سے تھا، جس میں صہیونی فوج نے بدترین جرائم اور قتل و غارت کا ارتکاب کیا۔

سید الحوثی نے مزید کہا کہ اس ہفتے کے دوران غزہ میں تین ہزار سے زائد فلسطینی شہید و زخمی ہوئے، جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔ یہ چھ ماہ میں شہداء کی سب سے بڑی تعداد ہے جبکہ اب بھی متعدد لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں اور کئی شہداء کی لاشیں سڑکوں پر پڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی فورسز نے براہ راست رہائشی مکانات، خیموں، پناہ گاہوں، اسکولوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنایا۔ حتی کہ ایمبولینسوں اور طبی ٹیموں پر بھی حملے کیے گئے تاکہ زخمیوں کو بچانے سے روکا جاسکے۔

سید عبدالملک الحوثی نے کہا کہ صہیونی فوج امریکی ساختہ آتش گیر بموں سے خیموں میں مقیم مہاجرین کو نشانہ بنا رہی ہے، اور جبری نقل مکانی کے ذریعے شمالی غزہ کو خالی کروانے کی کوشش کررہی ہے، جو بوڑھوں اور بچوں کے لیے شدید تکلیف دہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی جرائم کی شدت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ صہیونی مجرم خود حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اتنے بڑے پیمانے پر قتل و غارت پر یقین نہیں آرہا ہے۔ سب لوگ اب اس کے عادی ہوچکے ہیں کہ ایک رات میں سو فلسطینی مارے جائیں اور کسی کو کوئی پروا نہ ہو۔

انصار اللہ کے سربراہ نے کہا کہ صہیونی رہنماؤں کے بیانات سے امت مسلمہ کی کمزوری اور بے حسی کی بھی عکاسی ہوتی ہے، جو آج دو ارب کی تعداد میں ہونے کے باوجود اپنے ہی بھائیوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ صہیونی فوج دنیا کی بزدل ترین فوج ہے۔ بہت سے صہیونی فوجی نفسیاتی امراض کا شکار ہوچکے ہیں اور ان کی ذہنی حالت دن بدن خراب ہو رہی ہے۔

الحوثی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک اسلامی اور ایک عرب ملک کی کشتیاں، بحیرہ روم کے راستے دشمن اسرائیل کو خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کر رہی ہیں، جو انتہائی افسوسناک امر ہے۔

انہوں نے علاقائی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کی لبنان پر مختلف انداز میں جارحیت جاری ہے، اور وہ لبنان کے شہریوں کو اپنے دیہات میں واپس جانے سے روکنا چاہتی ہے۔

سید عبدالملک الحوثی نے عرب دنیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورت حال دراصل اس بڑی غفلت کا نتیجہ ہے جو عرب اقوام نے اپنی بھاری ذمہ داریوں سے برتی ہے۔ امت مسلمہ کے موجودہ حالات تشویشناک ہیں اور اس پر خاموشی، بے حسی یا لاپروائی اختیار کرنا کسی طور جائز نہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہم عرب ممالک میں بھی غزہ کی حمایت میں ایسے مظاہرے دیکھیں جیسے کچھ مغربی ممالک میں ہورہے ہیں۔

News ID 1932876

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha