مہر خبررساں ایجنسی - بین الاقوامی گروپ: غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے لبنان کے علاقوں پر شدید بمباری کی جارہی ہے اور اسی دوران لبنان کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے صیہونی حکومت کے وسیع حملوں کے جواب میں مقبوضہ فلسطین پر وسیع میزائل حملے کیے ہیں۔ لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں، شمالی مقبوضہ فلسطین کو بڑے پیمانے پر راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے اعلان کیاہے کہ مقبوضہ فلسطین کے شمال میں طبریہ سے صفد تک 20 علاقوں میں الارم سائرن بج گئے اور متعدد راکٹ الجلیل کے علاقے پر گرے۔
لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں کم از کم 274افراد شہید اور 1024 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہے۔
شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ متعدد گھر بھی تباہ ہوگئے۔
قابض حکومت کے آرمی ریڈیو نے بھی اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے شمال میں «الشجره المهجره» گاؤں کے قریب حزب اللہ کے راکٹ گرنے کے نتیجے میں کم از کم 5 صہیونی زخمی ہوئے ہیں۔
مقبوضہ شہر صفد کا آسمان حزب اللہ کے میزائلوں اور صیہونی حکومت کے آہنی گنبد میزائلوں کے درمیان تصادم کا میدان بن گیا ہے۔
شہداء کی تعداد 274 اور زخمیوں کی تعداد 1024 ہوگئی
لبنان کے وزیر صحت نے اعلان کیا ہے کہ لبنان پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 274 اور زخمیوں کی تعداد 1024 تک پہنچ گئی ہے۔
صیہونی خبررساں ایجنسی ہارٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ بیروت پر صیہونی حکومت کے حملے کا ہدف حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے کمانڈر علی کرکی تھا۔
ہم لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، حماس
فلسطینی مزاحمت تنظیم حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان پر صیہونیوں کا وحشیانہ اور وسیع پیمانے پر حملہ جنگی جرم اور دشمن کی نازی فطرت کی نشاندہی ہے۔
حماس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس وحشیانہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے حزب اللہ میں اپنے بھائیوں اور لبنان میں اپنے برادر ملک کے شانہ بشانہ اپنی یکجہتی اور مزاحمت پر زور دیتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ