مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران سمیت دنیا بھر میں یکم محرم سے نواسہ رسول، مظلوم کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری اور سوگواری کا سلسلہ جاری ہے اور بعض ملکوں منجملہ اسلامی جمہوریہ ایران میں شب عاشور کی عزاداری اور اعمال شب عاشور بجا لانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
خاص طور سے مقدس شہر مشہد اور قم میں حرم ہائے مطہر میں شہدائے کربلا کے عزاداروں کی بڑی تعداد موجود ہے جو فرزند رسول حضرت امام علی رضا (ع) اور فاطمہ معصومہ (س) کی بارگاہ میں حاضر ہو کر آپ کو شہدائے کربلا کا پرسہ پیش کر رہے ہیں۔
مشہدالمقدس میں حضرت امام علی رضا (ع) کے حرم مطہر میں خطبہ خوانی کی قدیم روایت کا عمل بھی انجام پا رہا ہے. ہر طرف عزاداران امام مظلوم کربلا کی آہ و بکا کی صدائیں بلند ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج پیر کو دن بھر نو محرم الحرام کی مخصوص مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری رہا اوراس وقت مشہد مقدس، قم اور دارالحکومت تہران سمیت پورے ملک میں شب عاشور کی مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایران بھر میں آج بروز منگل یوم عاشورا منایا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان اور ہندوستان میں آج آٹھ محرم کے مخصوص ماتمی دستے اور جلوس عزا برآمد ہوئے ۔
کراچی، لاہور، ملتان، کوئٹہ، اور پشاور سمیت پاکستان کے تقریبا سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں آٹھ محرم کے مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوئے ہیں جو اپنے مخصوص راستوں سے ہوئے اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہوگئے۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں علمدارکربلا کی یاد میں عزاداری کا سلسلہ اس وقت بھی جاری ہے۔
ادھر ممبئی، حیدرآباد، بنگلور، دہلی، لکھنؤ، پٹنہ اور کولکتہ سمیت ہندوستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں سے بھی آٹھ محرم کے مخصوص جلوس برآمد کئے گئے ۔ ہندوستان کے مختلف شہروں میں آٹھ محرم کے ماتمی جلوسوں میں بہت بڑی تعداد میں غیر مسلم عزاداروں نے بھی شرکت کی۔
آپ کا تبصرہ