مہر خبررساں ایجنسی فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ فلسطین میں جاری صہیونی حکومت کے مظالم پر امریکہ کی طرف سے اسرائیل کو امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق صہیونی فوجی ریڈیو نے کہا ہے کہ امریکی سینیٹ میں اسرائیل کے لئے 26 ارب ڈالر کی امداد منظور کی گئی ہے۔ 4 دن پہلے کانگریس کے اراکین نے اسرائیل اور یوکرائن کے لئے امدادی بل پر بحث کی تھی۔
الجزیرہ کے مطابق مذکورہ بل کو امریکی سینیٹ کے حوالے کیا گیا جہاں 366 افراد نے بل کی حمایت کی جبکہ 58 نے مخالفت میں ووٹ دیا اس طرح اسرائیل کے لئے 26 ارب ڈالر کی امداد منظور ہوگئی۔
مذکورہ بل کو ریپبلیکن اراکین کی مخالفت کی وجہ سے کانگریس میں کئی ماہ تک روکا گیا تھا۔
امریکہ کی جانب سے صہیونی حکومت کے لئے خطیر مالی امداد اس وقت منظور کی گئی ہے جب صہیونی فورسز غزہ میں فلسطینی عوام پر شدید حملے کرکے ان کی نسل کشی کررہی ہیں۔ غزہ کے خلاف صہیونی جارحیت کے 200 دن مکمل ہوگئے ہیں۔
فلسطینی وزارت اطلاعات کے مطابق گذشتہ 200 دنوں میں اسرائیل نے 3025 مرتبہ حملہ کیا ہے جس میں مجموعی طور 34183 شہید، 7000 سے زیادہ لاپتہ اور 77 ہزار 143 زخمی ہوگئے ہیں۔ شہدا میں سے 14778 بچے اور 9752 خواتین ہیں اس طرح شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد 72 فیصد ہے۔
آپ کا تبصرہ