مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عمران خان سے جیل میں ان کے وکلا عمیر نیازی ایڈووکیٹ اور بیرسٹر سلمان صفدر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ایڈووکیٹ عمیر نیازی نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم کو الیکشن نتائج پر مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ قوم نظرئیے اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، جس طرح لوگوں نے ووٹ کاسٹ کیا یہ 1970 سے زیادہ لوگ باہر آئے ہیں۔
وکلا کے مطابق عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ پی ٹی آئی وفاق، پنجاب اور کے پی کے میں حکومت بنائے گی، بانی پی ٹی آئی نے ملک کے سب سے بڑے ادارے سے اپیل کی ہے کہ قوم کے ساتھ جو ہورہا ہے اس سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے، جن حلقوں میں نتائج تبدیل کیے گئے ان کے امیدوار کل نکلیں اور پُرامن احتجاج کریں کیوں کہ جمہوری عمل میں ووٹ کی عزت ہے، ووٹ چوری ہوگیا تو احتجاج کریں۔
وکلا کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری معیشت زمین بوس ہوچکی ہے، سیاسی عدم استحکام نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کو بند گلی میں نہ لے کر جائیں، پری پول دھاندلی اور اداروں کو استعمال کیا گیا، ادارے کمزور ہوچکے ہیں، نواز شریف نے ہمیشہ حکومت کو بینک کرپٹ کیا، مکس اچار کے ساتھ حکومت نہ بنانے دیں، 50 سیٹوں والا کیسے فتح کا اعلان کرسکتا ہے؟ پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔
آپ کا تبصرہ