مہر خبررساں ایجنسی نے عبرانی ویب سائٹ 24 کے حوالے سے خبر دی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ "ایلی کوہن" نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ صیہونی جعلی حکومت کی وزارت خارجہ کا یہ اعلان مقبوضہ فلسطین میں یوکرین کے سفارت خانے کے جاری کردہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔
ایلی کوہن نے مزید کہا ہے کہ روس کے ساتھ پیچیدگیوں کے باوجود تل ابیب نے یوکرین کے خلاف جنگ کے آغاز سے ہی اس ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کی ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں قائم یوکرین کے سفارت خانے نے اتوار کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ صیہونی حکومت موجودہ حالات میں روس کے ساتھ قریبی تعاون کر رہی ہے اور غاصب صیہونی حکومت کی کابینہ نے روسی فریق کے ساتھ اعلیٰ سطحی سیاسی مذاکرات کے دو ادوار کے دوران مقبوضہ بیت المقدس میں ایک اور سفارتی دفتر قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سفارتخانے نے تشویش ظاہر کی کہ جب کہ دنیا کے ممالک نے روس پر پابندیاں عائد کی ہیں، صیہونی حکومت نے گزشتہ 2 سالوں کے دوران ماسکو کے ساتھ اپنے تجارتی تبادلوں میں اضافہ کیا ہے۔
قبل ازیں یوکرین کے صدر کے دفتر کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ صیہونی حکومت کو یوکرین کی حمایت کرنی چاہیے اور اب وقت آگیا ہے کہ نیتن یاہو اس ملک کا دورہ کریں۔
واضح رہے کہ کیف اور تل ابیب کی غاصب صیہونی رجیم کے درمیان روس سے تعلقات کے معاملے میں تناو پیدا ہوگیا ہے۔
آپ کا تبصرہ