مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان جو اس وقت یورپی ملک سربیا کے دورے پر ہیں، نے سربیا کی پارلیمنٹ کے سربراہ ولادیمیر اورلیچ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایران اور سربیا کے مابین پارلیمانی تعاون کو اہم قرار دیا اور سرب پارلیمنٹ میں ایران سربیا پارلیمانی دوستی گروپ کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کی پارلیمانی دوستی گروپ دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں حائل رکاوٹیں ہٹانے اور اس سلسلے میں مواقع پیدا کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں گے۔
انہوں نے ایران اور سربیا کے مابین سیاست، اقتصاد اور ثقافت کے مختلف شعبوں میں تعلقات کو نمایاں قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے مابین طے پانے والے امور کی بدولت دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری دیکھنے کو ملے گی۔
ایرانی اور سرب رہنماوں کی اس ملاقات میں سرب پارلیمنٹ میں ایران سربیا پارلیمانی دوستی گروپ کے چیئرمین اور ایرانی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کی کمیٹی کی رکن سارا فلاحی بھی موجود تھیں۔
سربیا کی پارلیمنٹ کے سربراہ نے ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیااور دوطرفہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری لانے اور تعاون کو فروغ دینے میں موثر قرار دیا۔
آپ کا تبصرہ