مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےدیگر مرکزی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودہ سو سال قبل مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے سر اقدس پر ہونے والا وار عدل و انصاف، زہد، صبر و رضا اور تقوی پر وار تھا۔اس روز انسانی فضیلتوں کو شہید کیا گیا۔امیر المومنین ؑ کی زندگی کا ہر پہلو عالم بشریت کے لیے اسوہ حسنہ ہے۔ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے ملک بھر میں عزاداری کے پروگراموں کا آغاز ہو رہا ہے۔عزاداری کے مرکزی اور روایتی جلوسوں کو متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سکیورٹی مہیاکی جائے۔ عزاداری کے پروگراموں کی حفاظت کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مومنین کو پہلے سے زیادہ چوکنا ہونے کی ضرورت ہے۔عالم استعمار نے دہشت گردوں کا جو جال بچھا رکھا ہے وہ نئے سرے سے فعال ہو چکا ہے۔گزشتہ روز کابل دھماکے میں قیمتی جانوں کا ضیاع انہی انسانیت دشمنوں کی کارستانی ہے۔
انہوں نے سانحہ کابل کی مذمت کرتے ہوئے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان میں بسنے والے اہل تشیع کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رہ)کے حکم کے مطابق جمعۃ الوداع کو یوم القدس کا نام دیا گیا ہے۔اس رو ز عالم اسلام فلسطین کے مسلمانوں سے یکجہتی اور اسرائیل سے نفرت کے اظہار کے لیے سڑکوں پر نکلتے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی ملت تشیع یوم القدس کے موقع پر مظلومین جہاں کے لیے آواز بلند کرے گی۔اسرائیل عالم استکبار کی ایجاد کردہ ایک غاصب ریاست ہے۔مسجد اقصی میں بے گناہ نمازیوں پر تشدد اور حملے مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے صیہونیوں کی سیاہ کاریوں کا تسلسل ہے۔اسرائیل کا وجود امریکہ کے سہارے پر قائم ہے۔وطن عزیز میں جاری تکفیریت، دہشت گردی اور انتہا پسندی میں امریکہ اور اس کے حواری ملوث ہیں۔ پاکستان کے کچھ حکمرانوں سے اپنے قومی مفادات کو اپنے ذاتی مفادات پر قربان کرتے ہوئے امریکہ کی تابعداری کی۔ہم اس ملک کو امریکہ سے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان کی آزادخارجہ و داخلہ پالیسی شہید عارف حسینی کا وہ عظیم نظریہ تھی جس پر مجلس وحدت مسلمین آج بھی کھڑی ہے۔اس ایشو پر عمران خان کے موقف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ارض پاک کے فیصلے واشنگٹن کی بجائے پاکستان میں کئے جانے چاہئے۔
انہوں نے کہا اقوام عالم کے سامنے باوقار زندگی گزارنے کا واحد طریقہ امریکی غلامی سے انکار ہے۔ امریکہ کی دوستی وطن سے دشمنی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیٹر گیٹ سکینڈل پر عدالتی کمیشن بننا چاہئے اور اس کی شفاف تحقیقات کی جانی چاہئے۔ عوام کسی لولی پاپ سے مطمئن نہیں ہو ں گے۔حب الوطنی کاتقاضا ہے کہ امریکہ کے خلاف ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں تاکہ امریکی مداخلت کا خاتمہ ہو سکے۔
آپ کا تبصرہ