مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگارکی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے 13 آبان عالمی سامراج کے ساتھ مقابلے کے دن اور یوم طلباء کی مناسبت سے تہران میں امریکہ کے لانہ جاسوسی کے سامنے خطاب میں خلیج عمان میں تیل چورانے کی امریکی کوشش کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو ایرانی قوم سے شکست کھانے کی عادت ہوچکی ہے۔
انھوں نے 13 آبان سن 1357 شمسی مطابق 4 نومبر 1979 ء میں امریکہ کی اقتصادی اور فوجی لحاظ سے طاقت اور قدرت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم اس وقت اپنے عظيم الشان انقلاب کے ابتدائی مرحلے میں تھی اور اس دور میں ایرانی قوم کی طاقت آج جیسی نہیں تھی، پھر بھی ایرانی قوم نے امریکہ کا بھر پور مقابلہ کرکے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ۔
میجر جنرل سلامی نے کہا کہ اگر گذشتہ 100 برسوں ميں دنیا میں رونما ہونے والی جنگوں کا جائزہ لیا جائے تو امریکہ نے گذشتہ 100 برسوں میں دنیا بھر میں کم سے کم 40 جنگیں مسلط کی ہیں جو دنیا میں امریکی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں امریکہ 750 فوجی اڈے قائم ہیں جو دنیا کو اپنی فوجی طاقت کے ذریعہ قبضہ میں رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے یورپی ممالک ، افریقی ممالک ، مشرق وسطی، مشرق بعید ، روس اور دنیا کے ہر گوشہ میں جنگیں لڑی ہیں ۔ امریکہ کی براہ راست جنگوں میں اب تک 8 ملین افراد مارے جاچکے ہیں۔ امریکہ اپنی من مانی اور مرضی کی حکومتیں لانے کے لئے دیگر ممالک میں آشکارا مداخلت کرتا ہے۔ بہت سے عربی اورلاطینی امریکہ کے ممالک کے حکمراں امریکی اقدامات کے نتیجے میں برسر اقتدار ہیں۔ دنیا میں امریکہ کے ظالمانہ اور بے رحمانہ اقدامات کے بے شمار شواہد موجود ہیں۔
میجر جنرل سلامی نے کہا کہ امریکہ نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایرانی اور اسلامی ثقافت کو نشانہ بنانا شروع کیا اور اسلام و مسلمانوں کے خلاف اس کی معاندانہ پالیسیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ جب تک امت امام زمانہ کے نائب کے ساتھ کھڑی ہے دنیا کی کوغي طاقت اسے آسیب اور نقصان نہیں پنہچا سکتی۔ ایرانی عوام نے امریکہ کو ہر میدان میں شکست سے دوچار کیا ہے اور خلیج عمان میں ایرانی سپاہ نے تیل چوری کرنے کی امریکی بحریہ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ثابت کردیا کہ ایران ہر میدان میں امریکہ کا مقابلہ کرنے اور ایرانی قوم کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لئے آمادہ ہے۔
آپ کا تبصرہ