مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہےکہ جرمنی میں ایک تیز رفتار کار شہریوں پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں قائم ایک کیفے کے قریب تیز رفتار کار نے شہریوں کو روند دیا، جس کے باعث 6افراد زخمی ہوگئے۔ اس حادثے میں کار ڈرائیور شدید زخمی ہوا جس کی وجہ سے اس کی حالت تشویش ناک ہے، دیگر زخمیوں کو بھی ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کسی دہشت گرد کارروائی کا نتیجہ نہیں، ڈرائیور ذہنی مریض لگتا ہے، تاہم تحقیقات کر رہے ہیں، جلد حقائق سامنے آئیں گے۔واقعے کی خبر ملتے ہی ریسکیو حکام اور پولیس موقع پر پہنچی، حادثے میں کار بری طرح متاثر ہوئی، تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ دسمبر 2016 میں برلن کے کرسمس بازار میں ٹرک نے شہریوں کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں کم سے کم 12 افراد ہلاک جبکہ 48 زخمی ہوئے تھے۔
آپ کا تبصرہ