9 مارچ، 2018، 4:26 PM

ایرانی عوام بے پردگی اور بے حجابی کے فروغ کو برداشت نہیں کریں گے

ایرانی عوام  بے پردگی اور بے حجابی کے فروغ کو برداشت نہیں کریں گے

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ کے خطیب نے بعض افراد کی طرف سے اسلامی قوانین کی خلاف ورزی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام بے پردگی اور بے حجابی کے فروغ کو برداشت نہیں کریں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین صدیقی کی امامت میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی۔ خطیب جمعہ نے نماز جمعہ کے خطبوں میں بعض افراد کی طرف سے اسلامی قوانین کی خلاف ورزی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام  بے پردگی اور بے حجابی کے فروغ کو برداشت نہیں کریں گے۔

خطیب جمعہ نے کہا کہ ایران میں رضاخان کے دور میں حجاب اور پردے پر پابندی کا آغاز ہوا۔ اور آج بھی بعض معروف شخصیات کے فرزند حجاب کے بارے میں ایسی باتیں کرتے ہیں جو اسلامی معاشرے کے سراسر خلاف ہیں۔

خطیب جمعہ نے کہا کہ ایرانی خواتین کے لئے حجاب ان کی دینی ، مذہبی اور ثقافتی استقلال کا مظہر ہے ۔ حجاب ایرانی خواتین کے لئے فخر ، عز ت اور عظمت کا باعث ہے  اور ایرانی عوام ملک میں بے پردگی اور بے حجابی کی کوششوں کو برداشت نہیں کریں گے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین صدیقی نے کہا کہ بنی صدر، انقلاب اسلامی کی ایک عبرت ہے اسے عوام نے ولایت ، شہداء اور اسلام کے لئے منتخب کیا لیکن اس نے غداری کا ارتکاب کیا۔ اور عوام نے اسے اقتدار سے الگ کردیا۔ انھوں نے کہا کہ بعض حکام جو  ولایت، انقلاب اور اسلام  پر مکمل یقین نہیں رکھتے انھیں اللہ تعالی کے قہر کے علاوہ ایرانی عوام کے غیظ و غضب کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

خطیب جمعہ نے خطے میں امریکہ کی غیر قانونی موجودگی کوآشوب اور فتنہ انگیزی کا باعث قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکہ خطے میں دہشت گردی کو فروغ اور اسلامی ممالک میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔  خطیب جمعہ نے کہا کہ ایران خطے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو مداخلت کی اجازت نہیں دےگا۔

News ID 1879252

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha