مہر خبررساں ایجنسی نے سی این این کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی ری پبلکن پارٹی کے 50 سینئر رہنما امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف میدان میں آگئے ہیں اورانھوں نے مشترکہ موقف اختیار کیا ہے کہ ٹرمپ امریکی تاریخ کے لاپروا ترین صدر ہوں گے لہٰذا انہیں ووٹ نہ دیا جائے۔ اطلاعات کے مطابق ری پبلکن پارٹی کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے ماہرین نے اس حوالے سے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کی مذمت کی ہے۔اطلاعات کے مطابق اس خط میں دستخط کرنے والوں میں سابق صدر جارج ڈبلیو بش کی انتظامیہ میں اہم عہدوں پر رہنے والے رہنما شامل ہیں۔
خط میں مشترکہ طور پر یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 'ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تاریخ کے لاپروا ترین صدر ہوں گے' اور اس خط پر دستخط کرنے والوں میں سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی(سی آئی اے) اور نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے سابق ڈائریکٹر مائیکل ہائیڈن بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ خط پر نیشنل انٹیلی جنس کے سابق ڈائریکٹر اور نائب سیکریٹری خارجہ جان نیگروپونٹے اور ایرک ایڈل مین نے بھی دستخط کرکے ٹرمپ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس خط پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس پر دستخط کرنے والے وہ لوگ ہیں جو دنیا کو اتنی خطرناک جگہ بنانے کے ذمہ دار ہیں، اچھا ہوا کہ یہ لوگ سامنے آگئے کیوں کہ اب دنیا کو معلوم ہوسکے گا کہ تباہی کے اصل ذمہ دار کون ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہیلری کلنٹن اور ان کے ساتھیوں نے عراق پر حملے کا تباہ کن فیصلہ کیا، بن غازی میں امریکی شہریوں کی ہلاکت کی وجہ بنے اور یہی لوگ ہیں جنہوں نے داعش کو تشکیل دیا اور اج بھی اس کی مدد کررہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ