مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افریقی ممالک نے ہندوستان سے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے خلاف لڑائی سمیت کئی شعبوں میں تعاون مانگ لیا ہے۔ ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں تیسرا ’انڈیا۔افریقہ فورم سمٹ‘ جاری ہے، جہاں مختلف افریقی ممالک کے وزرائے خارجہ نے ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج سے وفود کی سطح پر الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ کیمرون کے وزیر خارجہ لیجیون بیلا نے سشما سوراج سے ملاقات میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے خلاف مدد طلب کی، جو نائجیریا کے ساتھ پڑوسی افریقی ممالک تک پھیل چکی ہے۔ لیجیون بیلا نے ہندوستان کو توانائی اور سڑکوں کے نظام کے مختلف منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی۔ جنوبی سوڈان کے وزیر خارجہ بارنابا ماریل بینجمن نے ہندوستانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں لائیو اسٹاک کے شعبے اور دارالحکومت جوبا میں ہسپتال قائم کرنے کے لیے تعاون مانگا۔ جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ میٹے کوآنا مشبانے نے ہندوستان سے ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید تعاون پر بھی زور دیا۔ واضح رہے کہ ہندوستان میں 26 سے 29 اکتوبر تک منعقد ہونے والے تیسرے ’انڈیا۔افریقہ فورم سمٹ‘ میں براعظم افریقہ کے 50 سے زائد ممالک کے سربراہان یا اعیلیٰ شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔
افریقی ممالک نے ہندوستان سے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے خلاف لڑائی سمیت کئی شعبوں میں تعاون مانگ لیا ہے۔
News ID 1859176
آپ کا تبصرہ