مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بوشہر جوہری بجلی گھر کے پہلے یونٹ کو سالانہ مرمت اور ایندھن کی تبدیلی کا عمل کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد 24 نومبر 2026ء کو دوبارہ ملک کے قومی بجلی کے نظام سے منسلک کر دیا گیا۔
بوشہر جوہری بجلی گھر کی کارکردگی بہتر بنانے، اس کے آلات کی محفوظ اور مسلسل فعالیت کو یقینی بنانے اور ان کی مفید عمر میں اضافے کے لیے ہر سال نئے جوہری ایندھن کی تبدیلی کے ساتھ مختلف فنی اور تخصصی اقدامات انجام دینے کا موقع فراہم ہوتا ہے۔ اس دوران ایندھن کی تبدیلی کے علاوہ فنی معائنے، مرمت اور بجلی گھر کے آلات کی دیکھ بھال سے متعلق سرگرمیاں بھی انجام دی جاتی ہیں۔
اسی سلسلے میں ایران کے بجلی کے نظام کے انتظامی ادارے کے ساتھ ضروری ہم آہنگی کے بعد بوشہر جوہری بجلی گھر میں ایندھن کی تبدیلی اور طے شدہ مرمت کا کام شروع کیا گیا۔ یہ تمام مراحل کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد بجلی گھر دوبارہ بجلی کی پیداوار کے عمل میں شامل ہوگیا اور قومی بجلی کے نظام کو بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی۔
واضح رہے بوشہر جوہری بجلی گھر کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ ہے۔
اس بجلی گھر نے اپنی تنصیب سے لے کر اس مرحلے کی مرمت کے لیے یونٹ بند کیے جانے تک مجموعی طور پر 82.7 ارب کلوواٹ گھنٹے بجلی پیدا کرنے کا ہدف حاصل کیا ہے۔
اس دوران اس نے ایران کی توانائی کی ضروریات، بالخصوص جنوبی صوبوں میں بجلی کی فراہمی اور توانائی کی زیادہ کھپت کے اوقات میں لوڈشیڈنگ میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مزید برآں، یہ بجلی گھر ماحول دوست بجلی پیدا کرنے والے یونٹ کی حیثیت سے انسانی ماحول کو کسی بھی قسم کی آلودگی سے دوچار نہیں کرتا اور اسے صاف توانائی کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
یاد رہے بوشہر جوہری بجلی گھر نے بجلی کی پیداوار شروع ہونے سے اب تک تقریباً 135.7 ملین بیرل خام تیل کے مساوی ایندھن (یا 22.05 ارب مکعب میٹر قدرتی گیس) کی بچت کرتے ہوئے تقریباً 89.2 ملین ٹن مختلف ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے مادّوں کے اخراج کو روکنے میں مدد دی ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایران میں جوہری بجلی گھروں کے استعمال کے پہلے تجربے کے طور پر بوشہر جوہری بجلی گھر کا مکمل آپریشن ایرانی ماہرین خود انجام دے رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ