مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے عز الحیہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بننے سے محفوظ رہے۔
ذرائع کے مطابق صہیونی فوج کے حملے میں خلیل الحیہ کے خاندان کے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں عز الحیہ کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج نے گزشتہ شب غزہ شہر کے الرمال محلے میں واقع ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا، جہاں عز الحیہ موجود تھے، تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔
دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے اور بمباری تیز کر دی ہے۔ یہ حملے ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب اسرائیلی وزیر جنگ نے ایک نئے فوجی آپریشن کی دھمکی دی ہے۔ ان کے مطابق، اس آپریشن میں حماس کو غیر مسلح کرنے کے نام پر دس لاکھ فلسطینیوں کو بے گھر کیا جائے گا۔
اسرائیلی حملوں کے تسلسل میں غزہ شہر کے مشرقی علاقوں میں انخلا کی وارننگ جاری ہونے کے بعد درجنوں فلسطینی خاندان شدید سردی کے موسم میں اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے جمعرات کی شب بھی غزہ شہر کے مشرقی محلوں التفاح اور الشجاعیہ میں انخلا کی وارننگ جاری کرنے کے بعد سات فضائی حملے کیے۔ ان حملوں میں پانچ کثیر المنزلہ رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں، جن میں درجنوں رہائشی یونٹس موجود تھے۔ بمباری کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔
آپ کا تبصرہ