25 نومبر، 2026، 4:52 PM

خادمین حرمین کا سیاہ کارنامہ؛ یمن میں 2045 مساجد تباہ، یمنی محکمۂ اوقاف کی اہم رپورٹ

خادمین حرمین کا سیاہ کارنامہ؛ یمن میں 2045 مساجد تباہ، یمنی محکمۂ اوقاف کی اہم رپورٹ

یمن نے صوبۂ تعز میں سعودی جنگی طیاروں کی جانب سے تین تاریخی مساجد پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں 11 مساجد کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ جنگ کے دوران اب تک 2045 مساجد پر حملے کیے جا چکے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمنی محکمۂ اوقاف نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے جنوبی یمن کے صوبۂ تعز میں سعودی جنگی طیاروں کی جانب سے تین مساجد اور تاریخی آثار پر حملے کی مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 12 سال قبل یمن کے خلاف جارحیت کے آغاز سے اب تک ملک کے مختلف صوبوں میں نشانہ بنائی جانے والی مساجد کی مجموعی تعداد 2045 ہو چکی ہے۔

محکمۂ اوقاف نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ سعودی جنگی طیاروں نے گزشتہ چند روز کے دوران تعز کے جنوبی علاقے میں واقع دو اضلاع ’’المسراخ‘‘ اور ’’صبر الموادم‘‘ میں تین مساجد کو نشانہ بنایا ہے۔

اس ادارے نے نشاندہی کی کہ ان حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں نشانہ بنائی جانے والی مساجد کی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔

بیان میں زور دیا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے مساجد پر مسلسل فضائی حملے اور انہیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کرنا، ’’تمام آسمانی مذاہب، انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کے لیے کھلا چیلنج‘‘ ہے۔

محکمۂ اوقاف نے تاریخی مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کو ’’مکمل جنگی جرم اور یمنی قوم کی ایمانی و تاریخی شناخت کو مٹانے کی ایک ناکام کوشش‘‘ قرار دیتے ہوئے ان جارحیتوں کی مکمل فوجداری اور اخلاقی ذمہ داری سعودی حکومت پر عائد کی ہے۔

صنعاء میں قائم محکمۂ اوقاف نے ایک بار پھر اسلامی اور قانونی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عبادت گاہوں اور دینی و تاریخی آثار کی منظم تباہی کے حوالے سے اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری پوری کریں اور ان جرائم کی فوری مذمت اور ان کے مرتکب عناصر کو سزا دلانے کے لیے اقدامات کریں۔

News ID 1943109

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha