مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی خلائی ایجنسی کے سربراہ حسن سالاریہ نے خلائی صنعت میں نجی شعبے اور جامعات کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں 35 سے زائد سیٹلائٹ زیرِ تعمیر ہیں، جو اس شعبے میں ایران کی سائنسی، صنعتی اور تکنیکی صلاحیتوں کی توسیع کو ظاہر کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق’’تیسرے امید میڈیا کپ فیسٹیول‘‘ کے سلسلے میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی خلائی صنعت کی تازہ ترین صورت حال بیان کی اور کہا کہ ایرانی خلائی ایجنسی ملک کے خلائی شعبے میں مجموعی انتظام، پالیسی سازی اور نگرانی کی ذمہ دار ہے، تاکہ نجی شعبے، جامعات، علمی مراکز اور سرکاری و نجی کمپنیوں سمیت مختلف ادارے اس صنعت میں سرگرم کردار ادا کرسکیں۔
اطلاعات و مواصلات کی ٹیکنالوجی کے نائب وزیر سالاریہ نے ’’شہید سلیمانی سیٹلائٹ سسٹم‘‘ کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس نظام کے پہلے مرحلے میں 24 سیٹلائٹ شامل ہیں۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق، ان سیٹلائٹس کے تین نمونے رواں سال عشرۂ فجر کی تقریبات کے دوران رونمائی کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
سالاریہ نے ایک میٹر یا اس سے بہتر تصویری ریزولوشن رکھنے والے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس کی تیاری کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ سیٹلائٹس زمین کی سطح کی انتہائی واضح تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جن سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار مختلف شعبوں میں استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے ملک میں ریڈار سیٹلائٹس کی تیاری کے حوالے سے کہا کہ یہ ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس کی ایک نئی نسل ہیں، جو ریڈار ٹیکنالوجی کی مدد سے زمین کی سطح کی تصاویر لینے اور معلومات جمع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان سیٹلائٹس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ موسم، بادلوں، برف یا فضا کی دیگر رکاوٹوں کے باوجود اپنا کام انجام دے سکتے ہیں۔
ایرانی خلائی ایجنسی کے سربراہ نے خلائی ٹیکنالوجی کی ترقی کو قدرتی وسائل کے انتظام اور قومی منصوبہ بندی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیٹلائٹس کی صلاحیتوں میں اضافے سے زمین کی نگرانی، قدرتی وسائل کے بہتر انتظام اور مختلف شعبوں میں درست معلومات کے استعمال کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
آپ کا تبصرہ