مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی بحریہ کے ایک ملاح کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جس نے رواں ماہ کے اوائل میں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہام لنکن سے سمندر میں چھلانگ لگا دی تھی اور اس کی اہلیہ نے اس اقدام کو خودکشی کی کوشش قرار دیا تھا۔
امریکی ٹی وی نیٹ ورک ایم ایس ناؤ نے رپورٹ کیا ہے کہ مذکورہ ملاح کو امریکی فوجی قانون کے تحت غیر عدالتی سزا کی کارروائی کا سامنا ہے اور اس پر فوجی قانون کے آرٹیکل 83 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس الزام کے تحت اس پر کام، ڈیوٹی یا فوجی خدمت سے بچنے کے لیے بیماری کا ڈھونگ رچانے یا خود کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ملاح پر آرٹیکل 86 کی خلاف ورزی، یعنی بغیر اجازت ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
نیٹ ورک نے ملاح کی شناخت ظاہر نہ کرنے والی اہلیہ کے حوالے سے بتایا کہ اس شخص کو سزا نہیں بلکہ نفسیاتی مدد کی ضرورت تھی۔ اس نے کہا کہ اس کا خیال ہے کہ جو لوگ نفسیاتی مدد کے محتاج ہیں، ان کے ساتھ اس طرح کا سلوک کرنا انتہائی غیر مناسب ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملاح کی سزا کے حوالے سے اس کے کمانڈنگ افسر کے ساتھ ایک سماعت بھی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یو ایس ایس ابراہام لنکن پر موجود کئی اہلکاروں کی خودکشی کی کوششوں کی اطلاعات نے اس طیارہ بردار بحری جہاز کی خراب صورتحال اور طویل عرصے تک جاری رہنے والے مشن کے حوالے سے شدید بحث چھیڑ دی تھی۔
آپ کا تبصرہ