مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
عراقچی نے اس موقع پر ایران کے مختلف علاقوں پر امریکی فوج کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں اقوام متحدہ کے منشور اور جنگ بندی سے متعلق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی حکام کی جانب سے مفاہمتی یادداشت کی پابندی نہ کرنے کا اعتراف اور اشتعال انگیز بیانات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ واشنگٹن اپنے وعدوں سے پھر رہا ہے اور اپنی جنگجویانہ پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
عراقچی نے امریکی فوج کی کسی بھی نئی مہم جوئی کے خلاف خبردار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے پوری قوت اور استقامت کے ساتھ ہر ضروری اقدام کریں گی۔
آپ کا تبصرہ