4 جولائی، 2026، 7:00 AM

ایرانی مسافر طیارے کو روکنے کی سعودی کوشش ناکام، صنعاء تہران پروازیں جاری رہیں گی، جنرل یحیی سریع

ایرانی مسافر طیارے کو روکنے کی سعودی کوشش ناکام، صنعاء تہران پروازیں جاری رہیں گی، جنرل یحیی سریع

یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے کہا کہ سعودی جنگی طیاروں کو فضائی حدود چھوڑنے پر مجبور کر دیا گیا اور صنعاء و تہران کے درمیان پروازیں محاصرہ ختم ہونے تک جاری رہیں گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ایرانی مسافر طیارے کی لینڈنگ روکنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور صنعاء و تہران کے درمیان پروازیں بدستور جاری رہیں گی۔

یمنی مسلح افواج کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل یحیی سریع نے کہا کہ آج صبح 5 بج کر 20 منٹ پر سعودی جنگی طیاروں نے یمن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک ایرانی شہری طیارے کو صنعاء ایئرپورٹ پر اترنے سے روکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس طیارے میں 200 سے زائد پھنسے ہوئے شہری، زخمی اور بیمار افراد سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ یمنی مسلح افواج نے فضائی دفاعی میزائلوں کے ذریعے سعودی جنگی طیاروں کا مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں انہیں یمن کی فضائی حدود چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا اور ایرانی طیارہ بحفاظت اپنی منزل تک پہنچ گیا۔

یحیی سریع نے خبردار کیا کہ اگر سعودی عرب نے دوبارہ یمن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی یا کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات کو خشکی اور سمندر دونوں محاذوں پر نشانہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یمن اپنے خلاف جاری سعودی امریکی محاصرے کو مزید برداشت نہیں کرے گا اور اس کے خاتمے کے لیے تمام جائز اقدامات کرے گا۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انصار اللہ کے رہنما سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کی ہدایت پر عمومی رضاکارانہ اور دفاعی تیاری جاری رکھیں، جبکہ مسلح افواج قیادت کے ہر فیصلے پر عمل درآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

جنرل یحیی سریع نے کہا کہ یمنی افواج محاصرہ توڑنے اور قابض قوتوں کو ملک سے نکالنے کے لیے ہر حکم پر عمل کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس مقصد کے لیے ان کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔

انہوں نے صنعاء بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے محاصرہ توڑنے، مریضوں کی منتقلی اور رہبر شہید سید علی خامنہ ای کی تشییع میں شریک سرکاری و عوامی وفود کی آمد و رفت میں تعاون کو سراہا۔

جنرل یحیی سریع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صنعاء اور تہران کے درمیان پروازیں اللہ کی مدد سے مسلسل جاری رہیں گی تاکہ محاصرہ ختم ہو اور یمنی عوام کی مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔

News ID 1940124

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha