مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارتِ اطلاعات نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ صوبہ سیستان و بلوچستان میں کارروائی کے دوران تکفیری دہشت گرد گروہ کے 11 ارکان کو گرفتار جبکہ ایک سرغنہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات کے بیان کے مطابق یہ کارروائیاں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے (پولیس) کے تعاون سے انجام دی گئیں۔
مجموعی طور پر تین مشترکہ آپریشنز میں دہشت گرد گروہ کے 11 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ کارروائی کے دوران دہشت گرد گروہ کا ایک اہم سرغنہ، گل محمد شاہوزہی، سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مارا گیا۔
حکام کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے سے ایک آر پی جی، آر پی جی کے 24 گولے، دو کلاشنکوف رائفلیں، چھ ریوالور، بڑی مقدار میں گولہ بارود اور بم بنانے کا سامان برآمد کیا گیا ہے۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک صوبے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا، تاہم بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے بڑے خطرے کو ناکام بنا دیا گیا۔
حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو سختی سے کچلا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ